یک نجی ٹی وی کے پروگرام ’جیوے پاکستان‘ کے میزبان عامر لیاقت نے پاکستان کے معروف اداکار عدنان صدیقی کوا اپنے شو میں مدعو کیا تھا۔
اس شو کے دوران ایک موقع پر عامر لیاقت نے عدنان صدیقی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے باہر آپ جس کے ساتھ بھی کام کرتے ہیں ان کا انتقال ہو جاتا ہے۔ انھوں نے عدنان صدیقی کو کہا کہ آپ کی وجہ سے دو لوگوں، رانی مکھر جی اور بپاشا باسو کی زندگی بچ گئی۔
عامر لیاقت نے بتایا کہ عدنان صدیقی نے حال ہی میں ایسی دو فلموں میں کام کرنے سے انکار کیا ہے جن میں یہ دونوں اداکارائیں بطور ہیروئن کاسٹ ہوئی تھیں۔
انھوں نے اس بیان سے قبل بالی وڈ کے معروف اداکار عرفان خان اور سری دیوی کا حوالہ دیا جن کے ساتھ عدنان صدیقی نے ماضی میں کام کیا تھا۔
تاہم عدنان صدیقی کا اس پر کہنا تھا کہ انھیں سری دیوی اور عرفان خان کے انتقال کا بے حد افسوس ہے اور انھوں نے عامر لیاقت کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ آپ کے لیے مذاق ہو گا مگر میرے لیے یہ مذاق نہیں۔‘
اس پروگرام کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی اور صارفین نے عامر لیاقت کو ان کے اس متنازع بیان کے باعث شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا۔
تاہم عامر لیاقت نے اس حوالے سے اب سے کچھ دیر قبل ایک ویڈیو پیغام میں اپنے بیان پر معافی مانگی ہے اور ان کا کہنا تھا کہ وہ انسانیت کے ناطے معافی مانگ رہے ہیں۔
No comments:
Post a Comment